متحدہ کے تحفظات فوری دور کئے جائیں‘ اتحاد برقرار رہے گا : زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر ) صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو ہدایت کی ہے کہ متحدہ کے تحفظات کو فوری دور کیا جائے۔ کراچی میں قیام امن سمیت تمام اہم ایشوز پر ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائیں۔ صدر نے کہا ایم کیو ایم نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لئے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا اور ایم کیو ایم سے اتحاد برقرار رہے گا۔ باخبر ذرائع کے مطابق صدر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان رابطے میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان تعلقات اور بعض امور پر ایم کیو ایم کے تحفظات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ صدرنے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی فوری طور پر ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کریں اور ان کے تحفظات اور غلط فہمیوں کو دور کریں۔ صدر نے گورنر سندھ سے بھی رابطہ کرکے انہیں ایم کیو ایم کی قیادت سے بات چیت کرنے اور ان کے تحفظات کو دور کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔ صدر نے کہا ایم کیو ایم حکومت کی اہم اتحادی ہے تمام ایشوز پر فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گے۔ مزید براں صدر سے گورنر سندھ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے کہا ملک میں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر شفاف طریقے سے منعقد کرائے جائیں گے ۔شفاف انتخابات کے انعقاد سے ملک میں جمہوریت مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ ان انتخابات میں عوام جس جماعت کو اپنے ووٹ کے ذریعے منتخب کریں گے، آئینی طریقے سے اقتدار اس کے حوالے کردیا جائے گا ۔کراچی کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ۔شہر قائد میں قیام امن کے لئے تمام وسائل اور اقدامات بروئے کار لائےں گے۔ذرائع نے بتایا ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال ،کراچی میں قیام امن ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے ۔صدر نے کہا نگران سیٹ اپ اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان تمام سیاسی قوتوں سے مشاورت کے بعد جلد کردیا جائے گا۔گورنر سٹیٹ بنک یاسین انور سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا حکومت ملک میں معیشت کی مضبوطی اور توانائی کے بحران کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں حکومت انہیں ہر ممکن تحفظ اور مراعات فراہم کرے گی۔گورنر سٹیٹ بینک نے صدر کو سٹیٹ بینک کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اے پی پی کے مطابق صدر زرداری سے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی کی قیادت میں پیپلزپارٹی سرگودہا کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئندہ عام انتخابات کیلئے متوقع امیدواران کے علاوہ مختلف امور بالخصوص سرگودہا میں بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیر میں پنجاب حکومت کی طرف سے روڑے اٹکانے جیسے مسائل زیر بحث آئے۔ صدر زرداری نے کہا آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی لوکل تنظیموں کی مشاورت سے ضلعی تنظیموں کے باکردار نظریاتی اور پیپلز پارٹی سے مضبوط وابستگی رکھنے والے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی تنظیموں کی طرف سے بھیجے گئے امیداروں کو اہمیت اس لیے دی جائے گی کہ پارٹی تنظمیں کارکن ہمارے مضبوط دست و بازو ہیں ان کی بدولت ہم اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے کہا سرگودہا میں بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال کی تعمیر کو ہرصورت میں یقینی بنائے گی اور اس کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کے مقاصد کو پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔