• news

”ویلنٹائن ڈے بے ہودگی ہے“ مذہبی تنظیموں نے یوم حیائ، عافیہ ڈے منایا، مظاہرے

لاہور(خصوصی نامہ نگار+اپنے نمائندے سے+نمائندگان) مغربی تہوار ویلنٹائن ڈے منائے جانے کیخلاف مذہبی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں نے ”حیاءڈے“ اور ڈاکٹر عافیہ ڈے منایا اور مظاہرے کئے، گجرات میں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے لڑکی کو چھیڑنے پر دو کالجوں کے طلبہ میں تصادم کے دوران بسوں کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ سمبڑیال میں پھول پیش کرنے پر منچلے کی خاتون نے سینڈلوں سے پٹائی کردی۔ تفصیلات کے مطابق ویلنٹائن ڈے کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی سخت رہی، سی سی پی او امجد سلیمی کی ہدایت پر تعلیمی اداروں کے باہر تفریحی پارکوں اور مارکیٹوں کے گرد پولیس کی بھاری نفری متعین رہی۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق گورنمنٹ سائنس کالج اور ایک نجی کالج کے طلباءکے درمیان تصادم میں بسوں کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی کالج اور گورنمنٹ سائنس کالج جی ٹی روڈ کے طلباءکے درمیان ویلنٹائن ڈے پر لڑکی سے چھیڑ خانی کرنے پر لڑائی ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے طول پکڑ گئی، کافی دیر تک دونوں کالجز کے طلباء گتھم گتھا رہے، شرپسند طلباءنے نجی کالج کی بسوں کے شیشے توڑ ڈالے اور رفوچکر ہوگئے جس پر پولیس چوکی جٹووکل نے دو نوجوانوں کو حراست میں لیکر 24 طلباءکیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ادھر سمبڑیال میں نامہ نگار کے مطابق ریلوے سٹیشن کے قریب شمیم نامی خاتون کو عدنان نامی منچلے نے ویلنٹائن ڈے پر پھول پیش کرنا چاہا تو خاتون نے سینڈلوں سے سرعام اسکی دھنائی کردی، علاوہ ازیں ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ نے حیا ڈے منایا اور لاہور میں بھیکے وال موڑ پر کیمپ لگا جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ اور دیگر رہنماﺅں نے کیمپ کا دورہ کیا ادھر گوجرانوالہ میں جمعیت نے گورنمنٹ کالج سے ڈی سی او چوک تک حیا واک کا اہتمام کیا جسکی قیادت ناظم محمد ارشد نے کی۔ انہوں نے شر کاءسے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کیلئے فرسودہ روایات اور تہواروں کو فروغ دیا جا رہا ہے حیا اسلامی تہذیب کی طاقت ہے ہم اسے کمزور نہیں ہونے دینگے۔ دریں اثناءجماعت اہلسنت نے بھی ویلنٹائن ڈے کو ”یوم حیا“ کے طور پر منایا اور مختلف شہروں میں اسلامی تہذیب و ثقافت کے حوالے سے تقریبات منعقد کیں۔ مرکزی ناظم علامہ ریاض حسین شاہ نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویلنٹائن جیسے بیہودہ تہوار کی اسلامی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔ اسی طرح لاہور میں ادارہ صراط مستقیم کے زیر اہتمام ویلنٹائن ڈے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد صدیق مصحفی نے کہا کہ ہم نے ویلنٹائن ڈے کو یوم حیا کے طور پر منایا۔ ویلنٹائن ڈے مسلمان بہنوں، بیٹیوں کی عزتوں کو ختم کرنے اور بے راہ روی کی طرف لگانے کا ایک طریقہ ہے۔ اسلام ہر گز بے حیائی کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام عورت کے ساتھ کسی بھی پرسنل تعلق کو برائی قرار دیتا ہے۔ ہمیں چاہئے اسلام اور اپنی مذہبی روایات اور ثقافت پر عمل کرتے ہوئے اس فحاشی کے تہوار سے دور رہیں۔اس موقع پر مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ فیاض قادری، مولانا ریاست علی جلالی، مولانا شہزاد مدنی، مولانا محمد یونس قادری، ڈاکٹر محمد آصف علی جلالی اور مولانا شاہد عزیز جلالی بھی موجود تھے۔ ادھر فیصل آباد میں شباب ملی نے ویلنٹائن ڈے کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سابقہ روایات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی ڈے منایا اس حوالے سے جناح گارڈن، ڈی گراﺅنڈ، سمن آباد، مدنی چوک، ستیانہ بنگلہ، ڈجکوٹ سمیت ضلع بھر میں مختلف مقامات پر ڈاکٹر عافیہ کی قدآور تصویر لگائی گئی جہاں عوام نے عافیہ صدیقی سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کی تصویر کے سامنے گلدستے رکھے۔ شباب ملی کے کارکنوں نے جناح گارڈن کے سامنے ویلنٹائن ڈے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ مولانا راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ ویلٹنائن ڈے منانا شریعت کی رو سے درست نہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنی اولادوں کو یہود و نصاریٰ کے خفیہ منصوبوں سے بچانے کی حکمت عملی ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کی بنیادیں کمزور کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ اسی طرح انجمن اساتذہ پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کے صدر محمد قاسم علوی نے کہا ویلنٹائن ڈے منانے کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نوجوان نسل کو خرافات سے بچانے کے لئے اساتذہ اور والدین اسلامی اصولوں کے عین مطابق ذہن سازی کریں جبکہ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے کہا کہ اسلام کے خلاف سازشوں میں سے ایک بڑی سازش ویلنٹائن ڈے منانا بھی ہے جب تک ہم اپنی اولادوں کی تربیت قرآن و سنت کی روشنی میں نہیں کریں گے۔ غیر مسلم قوتیں اپنی سازشوں میں کامیاب رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن