افضل گورو کو پھانسی کے خلاف مظاہرے جاری ۔۔۔ بان کی مون کی صورتحال پر نظر ہے : ترجمان
سرینگر + مظفرآباد + نیویارک (ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) کشمیری نوجوان افضل گورو کو پھانسی دیئے جانے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں چھٹے روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مسلسل کرفیو کے باعث وادی میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں کشمیری طلبہ کے مظاہرے پر انتہا پسند ہندو¶ں کی تنظیم بجرنگ دل اور شیوسینا کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا اور تشدد سے کئی طلبہ کو زخمی کر دیا جبکہ کئی کو گرفتار کر لیا گیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بانکی مون کے ترجمان مارٹن منیر نے واضح کیا ہے کہ کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال پر بانکی مون گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ حریت رہنما علی گیلانی کی اپیل پر آج یوم احتجاج منایا جائیگا اور مزار شہداءمیں گورو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائیگی۔ افضل گورو کی پھانسی کیخلاف مظفرآباد میں سرکاری طرح پر یوم احتجاج منایا گیا اور وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالحمید نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے سامنے کابینہ کے ارکان کے ساتھ احتجاج کیا۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے دہرا دون میں کشمیری طلبہ کے مظاہرے پر پولیس اور انتہاپسند ہندو تنظیم بجرنگ دل اور شیوسینا کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا، اونتی پورہ ، بجبہاڑہ ، کولگام ، زینہ پورہ ، ڈورو کے علاوہ قاضی گنڈ میں کرفیو ہٹایا گیا جبکہ کئی علاقوں میںمسلسل چھٹے روز بھی کرفیو جاری رہا جس سے اشیائے خوردونوش اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ اننت ناگ میں جھڑپ کے دوران ایک ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور دو پولیس اہلکاروں کے علاوہ 5 نوجوان زخمی ہوگئے۔ علاقے میں دوبارہ کرفیو نافذ کیا گیا۔ کئی علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور افضل گورو کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کے کئی علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔ طلبا نے گھنٹہ گھر کی طرف امن مارچ نکالا، طلبہ نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر میں بے گناہوں کا قتل عام بند کرو، ریاست میں سرکاری دہشت گردی بند کرو“ کے نعرے درج تھے۔ ادھر بھارت کی جانب سے کشمیری رہنما افضل گورو کو پھانسی دیئے جانے کے باعث آزاد کشمیر کے تاجروں اور ٹریڈ اتھارٹی کی جانب سے معطل کی گئی دوطرفہ سرینگر مظفر آباد تجارت 2 روز تک معطل رہنے کے بعد جمعرات کے روز بحال ہو گئی۔ علاوہ ازیں بانکی مون کے ترجمان مارٹن نیسرکی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افضل گورو کو پھانسی دیئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کوئی رائے زنی کرنے سے اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا ہے۔ادھر یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کی سربراہ کےتھرین آشٹن نے کہا ہے کہ انہیں یہ جان کر انتہائی افسوس ہو اہے کہ افضل گورو کو پھانسی دی گئی ہے۔ یورپی یونین کا یہ م¶قف رہا ہے کہ کسی بھی صورت میں پھانسی کی سزا نہیں دی جانی چاہئے۔