ق لیگ کو مارچ سے قبل پارٹی انتخابات کرانا ہوں گے‘ الیکشن کمشن کا جواب
اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمشن نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق (ق) لیگ کی درخواست پر جواب دے دیا‘ (ق) لیگ کو صوبوں کی سطح پر انتخابات کرانا ہوں گے البتہ وفاق کے عہدوں میں چار سال کی گنجائش ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) نے گذشتہ روز انٹرا پارٹی انتخابات کروانے سے متعلق انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی آئین کے مطابق پارٹی انتخابات کروانے کیلئے ایک سال کی گنجائش باقی ہے جبکہ پارٹی انتخابات کروانے کے حوالے سے (ق) لیگ الیکشن کمشن کی شرائط پوری کرچکی ہے لہٰذا ان کے پارٹی انتخابات جون 2013ءمیں ہوں گے۔ اس جواب پر الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) نے 2012ءمیں انٹرا پارٹی الیکشن کروانے تھے لیکن نہیں کرائے گئے۔ (ق) لیگ کو صوبوں کی سطح پر پارٹی انتخابات کروانا ہوں گے۔ البتہ وفاق کے عہدوں میں چار سال کی گنجائش ہے لہٰذا (ق) لیگ کو مارچ سے قبل پارٹی انتخابات کروانا ہوں گے۔