شیخ رشید کا نوازشریف کے آبائی حلقہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان
لاہور (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نواز شریف کے آبائی حلقہ این اے 122 سے انتخاب لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کےلئے اسٹیبلشمنٹ سے پوچھنے میں کوئی ہرج نہیں۔،آئندہ عام انتخابات میں امیدواروں کے 62 اور 63 کا سرٹیفکیٹ ایجنسیوں نے ہی دینا ہے۔‘ بھٹو نے جب پنجاب کو فتح کیا تو اس وقت انکا لاہور میں کوئی گھر نہیں تھا۔ آصف زرداری کے لاہور میں ڈیرے ڈالنے سے سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نگراں حکومت پر معاملات طے پا جانے چاہئیں‘ چوہدری نثار دو نمبر کاموں میں ملوث نہیں ہوتا لیکن اسحاق ڈار سے کوئی بعید نہیں وہ دو کی بجائے تین نمبر بھی ملوث ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات انتہائی حساس ہیں اور میں 2013ءمیں ملک کو ٹھیک ہوتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اکٹھا ہونا چاہئے آصف علی زرداری نے انہیں دور کر دیا‘ لیگوں کا اتحاد اب ناممکن نظر آتا ہے۔ نگراں حکومت کا اعلان ہونے دیں بہت سے کبوتر اڑ کر دوسروں کے اڈے پر جائیں گے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے گراف نیچے جانے کے بارے میںہاں میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ان سے اتحاد ہے اور ہم ان پر بوجھ نہیں، ہم نے کئی سو سیٹوں میں صرف دس سیٹوں کی بات کی ہے اور ہم میں سے کوئی بھی وزیرا عظم کا امیدوار نہیں۔
شیخ رشید