مسئلہ کشمیر پرامن طور پر حل نہ ہوا تو کشمیری بھارت کیلئے ایٹم بم ثابت ہونگے : صدر آزاد کشمیر
مظفر آباد (ثناءنیوز) صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں چین پاکستان اور بھارت تین بڑی ایٹمی ریاستیں ہیں۔ مسئلہ کشمیر پرامن طور پر حل نہیں ہوتا تو کشمیری عوام بھارت کیلئے ایٹم بم ہی ثابت ہونگے۔ نوجوان نسل ملکی بہتری ، ترقی اور تبدیلی کیلئے بہترین صلاحتیں بروئے کار لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ہوٹل میں نیشنل یوتھ سمٹ 2013کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر سردار یعقوب نے پاکستان اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع سے آئے ہوئے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اپنے بچپن اور عملی زندگی کے تجربات سے آگاہ کیا ۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشتگردی ، انتہا پسندی ، فرقہ واریت ، کرپشن اور دیگر مسائل کا سامنا ہے ۔ صرف نوجوان نسل ہی ان مسائل پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے شرکاءپاکستان کے کونے کونے میں جا کر آزادکشمیر کے سفیر بنیں گے اور پاکستانی عوام کو بتائیں کہ آزادکشمیر فرقہ واریت، انتہاپسندی اور دہشتگردی سے پاک خطہ ہے صرف حکومت یا پولیس کا کردار نہیں بلکہ اس میں عوام کا بہت بڑا کردار ہے۔ آزادکشمیر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر آزادکشمیر نے نیشنل یوتھ سمٹ کے شرکاءکے ساتھ ملکر افضل گورو شہید کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ یعقوب خان نے کہا کہ عالمی سطح پر عموماً اور مسلم ممالک میں خصوصاً مسئلہ کشمیر پر ہماری حمایت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدلتے عالمی حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے امکانات روشن ہو رہے ہیں ہمیں کسی صورت مایوسی کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ کشمیر جلد آزاد ہو کر رہے گا۔ بھارتی حکومت افضل گورو کی نعش ورثاء کے حوالے کرے تاکہ کشمیری قوم اپنے ہیرو کی تدفین اسلامی طریقے سے کر سکے۔
صدر آزاد کشمیر