• news

پی پی غریبوں کی نہیں امرائ، جاگیرداروں کی پارٹی بن گئی: عظمیٰ بخاری


لاہور (لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے پیپلزپارٹی اور اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئیں۔ انہوں نے یہ فیصلہ پارٹی پالیسیوں سے اختلاف کی وجہ سے کیا۔گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اب غریبوں کی نہیں بلکہ امراءاور جاگیرداروں کی پارٹی بن گئی ہے اس میں سے عام آدمی کاکردار ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ برسوں میں عوام کوکچھ نہیںدیا تاہم اسکی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام رہیں، نااہل افراد کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کیاگیا،آج پارٹی ورکرزکا کوئی پُرسان حال نہیں اور نہ ہی کسی کو پارٹی کی فکر ہے۔ انہوںنے کہا کہ صدر زرداری بھی لاہور میں قیام کے دوران بڑے بڑے فارم ہاو¿سز میں گئے مگر کرائے کے مکان میں رہنے والے پارٹی ورکرز انہیں یاد نہیںآئے۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ ڈیڑھ برس سے غیر فعال ہوکر گھر بیٹھ گئی تھی مگر تمام پارٹی میٹنگز میں آواز بلند کرتی رہی کہ ہم عوام کوکچھ نہیںدے سکے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس وقت ملک کے سب سے بڑے سیاسی لیڈر ہیں اور محترمہ شہید خود چل کر میثاق جمہوریت کیلئے ان کے پاس گئی تھیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے ڈینگی پر قابو پانے کے معرکے نے میری سوچ بدلنے میں کردار اداکیا مگر پیپلزپارٹی نے اپنوں میں ریوڑھیاں بانٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ عظمیٰ بخاری آج مریم نوازشریف سے ملاقات کریں گی۔
عظمیٰ بخاری

ای پیپر-دی نیشن