پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے خطے کیلئے خطرہ ہیں‘ حکومت خاتمے میں ناکام رہی : امریکی کمانڈر جنرل آسٹن
واشنگٹن (آن لائن + آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت سمت میں جا رہے ہیں، ملک میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے خطے کے استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ کے لئے پینٹا گون کے نامزد کمانڈر جنرل للوائیڈ جے آسٹن نے سینٹ کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کا معاہدہ انتہائی اہم نوعیت کا ہے کیونکہ یہ خطے کا اہم ملک ہے، پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات کے فروغ کو جاری رکھنے پر فوری کام ان کا اہم ہدف ہو گا جو کہ اس وقت مثبت سمت جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط کئے جائیں گے، پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے خطے کے استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں اور پاکستانی حکومت ان ٹھکانوںکے خاتمے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ریپبلکن سینیٹر جیمز ہوفی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جوہری ہتھیاروں سے مسلح پاکستان بحران کی جانب بڑھ رہا ہے کیونکہ دہشت گرد ملک میں محفوظ ہوتے جا رہے ہیں۔ ایٹمی ملک کی حکومت عسکریت پسند گروپوں سے نہیں نمٹ سکی۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر کارل لیون نے کہا کہ سب سے بڑے خطرے میں سے ایک خطرہ پاکستانی سرحد کے اندر افغان عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جنہیں پاکستانی حکومت ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سینیٹر جوزف ڈونیلی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، ہم افغانستان سے فوجی انخلا کے لئے اس کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔
آسٹن