• news

بھارتی فوج نے غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنیوالے پاکستانی فوجی کو شناخت کے باوجود شہید کر دیا‘ معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی : پاکستان


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + مقبول ملک / نیشن رپورٹ) بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے والے پاک فوج کے سپاہی کو شہید کر دیا جبکہ بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی حوالدار شہید ہو گیا۔ ڈی جی ایم او کے رابطہ کرنے کے بعد غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے والے شہید سپاہی اخلاق شوکت کی میت گذشتہ روز پاکستان کو واپس کر دی گئی۔ شہید کو آج فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سپاہی اخلاق شوکت دو پاکستانی چیک پوسٹوں کے درمیان جمعرات کے روز راستہ بھول کر بھارتی قبضہ والے علاقہ میں پہنچ گئے تھے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ اور فوج نے اخلاق کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرائے اور ان واقعات کے اعادے کو روکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عینی شاہدین نے دیکھا کہ بھارتی فوجی سپاہی اخلاق سے اپنے علاقہ میں پوچھ گچھ کر رہے تھے۔ پاکستان کے ڈی جی ملٹری آپریشنز نے جب سپاہی کی واپسی کے لئے بھارتی ہم منصب سے رابطہ کیا اور انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سپاہی کو قتل کیا جا چکا ہے۔ بائیس سالہ سپاہی اخلاق کا تعلق کلر سیداں سے ہے۔ چار برس قبل انہوں نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم اپنے سپاہی کے غیر انسانی اور ظالمانہ انداز میں قتل کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے سپاہی نے راستہ بھول جانے کے بعد بھارتی فوجیوں کو اپنی شناخت کرائی اور اپنی پوزیشن کی وضاحت کی اس کے باوجود اسے مار دیا گیا۔ کسی فوجی کے راستہ بھولنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ پاک فوج نے ماضی میں متعدد بار ان بھارتی فوجیوں کو واپس کیا جو راستہ بھول کر ادھر نکل آئے تھے“۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان راستہ بھول کر کنٹرول لائن پار کرنے والے اپنے فوجی کے قتل کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ بھارت کا یہ اقدام دونوں ملکوں کے درمیان اس مفاہمت کے خلاف ہے جو راستہ بھولنے والے فوجیوں کی فوری واپسی کے لئے طے پائی تھی۔ اس اقدام سے ماحول بھی مزید خراب ہو گا۔ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہونے پائے۔ ایک اور پاکستانی فوجی حوالدار محی الدین ”کنڈی“ پوسٹ پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہو گیا۔ بھارتی فوج نے جمعہ کی سہ پہر بٹل سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے معاملات کو پرامن طور پر حل کریں۔
پاکستانی فوجی شہید

ای پیپر-دی نیشن