• news

جاگیرداروں نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے‘ غریبوں کو حق دلا کر رہوں گا : طاہر القادری


گوجرانوالہ + کامونکے (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) پاکستان تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جاگیرداروں نے پاکستان پر قبضہ کررکھا ہے‘ میں ملک کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے آیا ہوں اور غریبوں کو ان کا حق دلا کر ہی رہوں گا۔ قائداعظمؒ کے ملک کا اندرونی ڈھانچہ تباہ کرکے رکھ دیاگیا ہے‘ کیا قائد اعظم ایسا ہی پاکستان چاہتے تھے‘ ہم اپنے مفادات کی خاطر اب تک جعلی ڈگری والوں کو ووٹ دیتے رہے لیکن اب ملک و قوم کے حالات کو بدلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال پارک گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہوں اور لڑتا رہوں گا‘ حق کی آواز بلند کرنے پر طاقتور اور مفاد پرست عناصر متحد ہو گئے ہیں۔ ملک میں فوجی اور سیاسی آمریت ہے‘ لوگ انتخابی عمل سے جن لوگوں کو اقتدار میں لاتے ہیں وہی پھر عوام کو ٹھڈے مار دیں تو اسے سیاسی آمریت کہتے ہیں اور سیاستدان سیاسی آمریت کو فروغ دیتے ہیں جس میں عوام کو روٹی کپڑا اور کھانے کو کچھ نہ ملے اسے بھی آمریت کہتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے کئی روز سے بھوک ہڑتال کی ہوئی ہے‘ صحت کے لئے بجٹ نہیں ہے‘ حکمرانوں نے تمام پیسہ عیاشیوں پر لگا دیا ہے‘ اس ملک میں آئینی انقلاب جمہوری فطری نظام کی ضرورت ہے اور جاگیردارانہ بت پاش پاش کریں گے۔ ملک میں روزانہ جتنی کرپشن ہو رہی ہے اگر اس کرپشن کو روک دیا جائے تو ملک میں بہتری اور خوشحالی آئے گی اور غریبوں کے مقدر بھی سنور جائیں گے۔ اس کرپشن کو روک کر مزدوروں کی تنخواہ دو سے تین گنا بڑھائی جاسکتی ہے۔ اس ملک میں امیروں سے لے کر غریبوں کو دیں گے‘ ایسے نظام کو دیکھناچاہتا ہوں۔ ملک کی عدلیہ میں 16 لاکھ مقدمات زیرالتواءہیں‘ غریب جائیں تو کہاں جائیں۔ اس وقت پاکستان دنیا کا خطرناک ترین ملک بن چکاہے اور کوئی غیر ملکی پاکستان میں سرمایہ کاری پرتیار نہیں۔ کیا قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اس مقصد کےلئے ملک حاصل کیاتھا کہ جاگیردار اورطاقتور افراد کمزور اور غریب کسانوں پر ظلم کریں۔ پاکستان کی قیادت صوبوں کو آپس میںجوڑنے میں ناکام ہو چکی ہے‘ ملک میں انارکی دور کرنے کے لئے انصاف پر مبنی نظام لانا ہوگا۔ اب چور لٹیرے عوام کے ووٹ کے حق دار نہیں ہونگے‘ پاکستان کے بچے بچے کو آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 یاد کروا دوں گا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں سے کہا کہ اگر الیکشن لڑنے کی نوبت آئی جو امیدوار میں کھڑا کروں گا اسے ووٹ دیں گے‘ اگر میں الیکشن کا بائیکاٹ کرتا ہوں تو آپ میرا ساتھ دیں گے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسہ گاہ میں 40 فٹ چو ڑا 8 فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا تھا۔ طاہر القا دری کا چندا قلعہ پر استقبال کیا گیا بعد ازاں انہیں جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا۔ علاوہ ازیں طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمشن کے ہوتے ہوئے غیر جانبدارانہ انتخابات کی بجائے دھونس دھاندلی اور قتل و غارت کے انتخابی نتائج برآمد ہوں گے کیونکہ جس الیکشن کمشن کی بنیاد ہی بدنیتی پر مبنی ہے اس سے منصفانہ الیکشن کی توقع رکھنا فضول ہے۔ وہ مقامی منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کے زیر اہتمام ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتیں انتخابی نتائج دیکھ کر پچھتانے اور واویلا کرنے کے سوا کچھ نہ کر سکیں گی۔ الیکشن کمشن کے حوالے سے ان کا سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ غلط نہ تھا بلکہ مفاد عامہ کے لئے وہ جس مقصد کے لئے سپریم کورٹ گئے تھے وہ جدوجہد جاری رہے گی۔ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن