• news

اپوزیشن کا نگران وزیراعظم کیلئے ناصر اسلم زاہد، شاکر اللہ جان کے ناموں پر اتفاق


اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں میں نگران وزیراعظم کیلئے سپریم کورٹ کے دو سابق جج صاحبان ناصر اسلم زاہد اور شاکر اللہ جان کے ناموں پر اتفاق رائے ہوا ہے تاہم چاروں صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے کوئی نام آیا نہ ہی اس بارے میں مسلم لیگی قیادت، اپوزیشن رہنماﺅں سے مشاورت مکمل کر سکی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے سلسلے میں کوئی خط ملا ہے نہ ہی رابطہ کیا گیا ہے۔ ”جب یہ پل آئے گا تو اسے بھی عبور کر لیں گے“۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان نے تحریک انصاف سے بھی مشاورت نہیں کی۔ حکومتی حلقوں کی جانب سے نثار علی خان کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے غیررسمی مشاورت پر آمادگی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن وہ اس وقت تک حکومت سے مذاکرات نہیں کرینگے جب تک وزیراعظم کی جانب سے باضابطہ طور پر انہیں خط نہیں لکھا جاتا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا نگران وزیراعظم کیلئے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے ان کے نام کی مخالفت کی تھی۔ چودھری نثار علی خان نے محمد نواز شریف سے مشاورت کیلئے لاہور میں ہیں۔ وہ لاہور میں پارٹی کی قیادت کو نگران وزیراعظم کے ناموں کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کی آراءسے آگاہ کرینگے اور انہیں عوامی نیشنل پارٹی کی اے پی سی کے فیصلوں سے آگاہ کرینگے۔
نگران اتفاق

ای پیپر-دی نیشن