ماتحت عدلیہ کے 4 جج تبدیل‘ ایک کی خدمات پنجاب حکومت کے حوالے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے چار سول ججز / جوڈیشل مجسٹریٹس کے تبادلوں کے احکامات جاری کر دئیے ہیں اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شاہد محمود کو منڈی بہاﺅ الدین سے نارووال، نثار احمد کو میانوالی سے منچن آباد، سید عدنان مہدی کو ملکوال سے منڈی بہاﺅ الدین اور ابوبکر نوید کو راولپنڈی سے میانوالی تبدیل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج / او ایس ڈی لاہور ہائیکورٹ شہزاد پرویز عباسی کی خدمات پنجاب حکومت کے سپرد کر دیں انہیں پرائزئیڈنگ آفیسر پنجاب لیبر کورٹ نمبر فائیو سرگودھا تعینات کیا جائے گا۔ اسی طرح چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحسنات محمد ذوالقرنین کا میانوالی سے جڑانوالہ کیا گیا تبادلہ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔