بیرون ملک ڈرون حملوں کیلئے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کر رہے: اوباما
نیو یارک +واشنگٹن (نمائندہ خصوصی + اے ایف پی) امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی عوام ڈرون حملوں کے بارے میں مزید جاننے کا حق رکھتے ہیں۔ آن لائن فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بیرون ممالک ڈرون کی خفیہ جنگ کیلئے اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کر رہے اور اس بات کی یقین دہانی کیلئے عوام کو انکے لفظوں سے زیادہ جاننے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سرزمین پر کسی امریکی شہری کےخلاف ڈرون کا استعمال کبھی نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے امریکہ سے باہر لاگو ہونے والے رولز امریکہ کے اندر لاگو ہونے والے رولز سے یکسر مختلف ہیں۔ مثال کے طور پر امریکہ کے اندر دہشت گردوں کو پکڑنا افغانستان یا پاکستان کے پہاڑوں میں پکڑنے سے یکسر مختلف معاملہ ہے، امریکی صدر نے کہا کہ میں کانگرس کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہوں کہ امریکی ڈرون جنگ کے بارے میں قانونی حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہرگز اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ انسداد دہشت گردی کے نام پر صدر جو چاہے اور جب چاہے اسے کرنے کا اختیار حاصل ہے اس آن لائن فورم کوانٹرنیٹ کمپنی گوگل نے سپانسر کیا تھا۔