ایم کیو ایم اتحادی ہے اور رہے گی ‘ سیاسی قوتوں سے مشاورت کے بعد انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان کریں گے: زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کسی صورت التوا کا شکار نہیں ہونگے۔ جمہوریت کے استحکام کے لیے انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔ آئندہ انتخابات شیڈول کے مطابق کرائیں جائیں گے، انتخابات کی تاریخ کا حتمی اعلان حکومت اپوزیشن اور تمام سیاسی قوتوں سے مشاورت کے بعد جلد کر دے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔ وہ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی میں امن و امان، صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور ایم کیو ایم کے تحفظات سمیت دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر کو کراچی میں قیام امن کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ آج جمہوری حکومت اتحادی اور تمام سیاسی قوتوں کے تعاون سے اپنی مدت پوری کر رہی ہے، جو عوام کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت میں تمام ایشوز ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہوتے ہیں۔ جمہوریت کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کو بڑھایا جائے ان کے تمام تحفظات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔ صدر نے ہدایت کی کہ کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے حکومت سندھ مزید سخت اقدامات کرے اور بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز و دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری ٹارگیٹڈ کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ کراچی میں ہر صورت امن قائم کیا جائے۔ صدر نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی کور کمیٹی کا اجلاس فوری طور پر طلب کیا جائے اور ایم کیو ایم کے تحفظات اور دیگر ایشوز کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔ صدر زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات دور کرنے کے لئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی کور کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ صدر سے ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے انہیں ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں انہیں ہدایت کی کہ وہ بڑے عوامی اجتماع کی تیاریاں کریں اور اس سلسلے میں ککری گرا¶نڈ یا نشتر پارک کا انتخاب کیا جائے۔ صدر زردری اور بلاول بھٹو نے قائم علی شاہ سے ملاقات میں یہ عزم دہرایا کہ آئندہ انتخابات تک اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلا جائیگا۔