فوجی کی شہادت پر دفاع پاکستان کونسل، سنی اتحاد، اہل حدیث یوتھ کا شدید احتجاج
لاہور(خصوصی رپورٹر) پاکستانی فوجی کی شہادت پر دفاع پاکستان کونسل، سنی اتحاد کونسل اور اہل حدیث یوتھ فورس نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے، بھارتی جنگی جنون سے خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے بھارت کی جانب سے غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرنے والے پاکستانی فوجی کی شہادت پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اورکہا ہے کہ انڈیا کھلی غنڈہ گردی پرتل آیا ہے اور کسی بڑی شرارت کیلئے خودکوتیار کر رہا ہے، حکمران اپنی پالیسیوں کی اصلاح کریں، مغربی بارڈر سے اپنی فوجیں نکالیں اور امریکہ کو صاف کہہ دیا جائے کہ انڈیا کا یہی رویہ رہا تو ہم اسے اس خطہ سے انخلاءکیلئے راہداری نہیں دیں گے۔پاکستانی فوجی کی شہادت پر کسی قسم کے کمزور ردعمل کااظہار کرنے کی بجائے بھارتی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، حمید گل، اعجاز الحق، سردار عتیق احمد خاں اورمولانا عبدالقادر لونی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ جبکہ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماﺅںصاحبزادہ فضل کریم، حاجی محمد حنیف طیب، صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، محمد نواز کھرل، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی اور مولانا وزیر القادری نے لائن آف کنٹرول پر غلطی سے سرحد پار کر جانے والے پاکستانی فوجی محمد اخلاق کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بھارت کی امن دشمنی کا ایک اور ثبوت ہے۔ بھارت اشتعال انگیزی سے باز آ جائے کیونکہ بھارت کے جنگی جنون کی وجہ سے خطے کا امن تباہ ہو رہا ہے۔ جبکہ صاحبزادہ فضل کریم نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سرپرستی میں کابل میں ہونے والی علماءکانفرنس میں شرکت غداری ہو گی، سنی اتحاد کونسل کا کوئی نمائندہ کابل علماءکانفرنس میں شریک نہیں ہو گا، امریکہ عہد حاضر کا دجال بن چکا ہے، نظام کی تبدیلی کی گونج مدہم نہیں ہو گی بلکہ یہ آواز پاکستان کے ہر گھر سے بلند ہو گی۔ دریں اثناءبھارتی دہشت گردی کے خلاف اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کا نماز جمعہ کے بعد لاہور بتی چوک میں احتجاج کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت بھارت سے نرم لہجہ کی بجائے سخت رویہ اختیار کرے ، بھارتی جاسوس سربجیت سنگھ کو فوری پھانسی کے پھاندے پرلٹکائے۔ مرکزی صدر حافظ ذاکرالرحمٰن صدیقی ،مرکزی جنرل سیکرٹری حافظ فیصل افضل شیخ، نے کہا کہ یہ کنٹرول لائن پربھارتی دہشت گردی عالمی قوانین کی سنگین خلا ف ورزی ہے بلاوجہ فوجی کو مارنا انسانی حقوق کی پامالی ہے۔