• news

پارٹی چھوڑنے والے ارکان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمشن میں جائیں گے : راجہ ریاض

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونےوالے 9 اراکین اسمبلی کی نااہلی کےلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی نے پارٹی سے وفاداری کے حلف کی خلاف ورزی کی اور آئین کے آرٹیکل 62‘63 کے تحت نااہل ہو چکے ہیں۔ یہ اعلان ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا کے ہمراہ پریس کانفرنس میںکیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے بے ضمیروں کی خرید و فروخت کےلئے منڈی لگا رکھی ہے ‘ پہلے بھی لوٹوں کے سہارے حکومت کی جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ایک سمندر ہے، تاریخ گواہ ہے جس نے پیپلز پارٹی کو چھوڑا، اسکی سیاست ہمیشہ کےلئے ختم ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چھوڑنے والے ارکان اسمبلی نے پارٹی کا انتخابی ٹکٹ لیتے وقت وفاداری کا حلف لیا تھا۔ اسکی ویڈیو موجود ہے۔ راجہ ریاض احمد نے کہاکہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کے پارٹی قیادت سے نہیں بلکہ مقامی سطح پر پارٹی کے لوگوں سے اختلافات تھے اور قیصر سندھو نے صرف اس وجہ سے پارٹی چھوڑی کیونکہ پیپلزپارٹی نے ان کے بھائی کو قومی اسمبلی کا ٹکٹ دینا چاہتی ہے جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں جبکہ عظمیٰ بخاری کو پیپلز پارٹی نے بہت کچھ دیا، وہ ہمیشہ قیادت کے گن گاتی رہیں مگر اب بے ضمیر ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ سے انتخابی اتحاد سے پیپلز پارٹی کو فائدہ ہو گا۔ ہم الیکشن میں مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ایک سوال پر راجہ ریاض احمد نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائیکورٹ بینچ میں شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ رکاوٹ ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وہاں ہائیکورٹ بینچ بنایا جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن