• news

پیپلز پارٹی‘ مسلم لیگ ن کا وقت ختم ہوگیا‘ زرداری الیکشن کا اعلان کریں : عمران خان

فیصل آباد + ٹوبہ + گوجرہ + کمالیہ + پیرمحل (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے زرداری اور نوازشریف دونوں کی وکٹیں ایک ہی گیند پر اڑانے کا وقت آگیا، نورا کشتی کرنے والے دونوں پہلوانوں کے ظلم کا دور ختم ہونے والا ہے عوام چند ہفتے انتظار کر لیں ان دونوں کو تحریک انصاف کا سونامی ہی اقتدار سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے باہر کر دے گا، ہمارے روپے کی قدرکم اور ان دونوں کے بیرون ملک پڑے ڈالر بڑھ رہے ہیں عوام وعدہ کریں جن سیاستدانوں کے پیسے باہر کے بنکوں میں پڑے ہیں انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز جھنگ روڈ سدھار بائی پاس پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ان دونوں نے مل کر عوام پر بہت ظلم کر لیا 25 سال سے یہ دونوں جماعتیں ملک کے عوام کا خون چوس رہی ہیں اور مزید موروثی سیاست کو فروغ دے کر اپنے بیٹے بیٹیوں کو تیار کر رہے ہیں کہ غریب عوام کو کیسے دھوکہ دینا ہے لیکن انہیں علم نہیں کہ عوام کے سامنے یہ دونوں بے نقاب ہو چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا کہ صدر زرادری فوری طور پر عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر کے ملک سے بے یقینی کی فضا کا خاتمہ کریں، کارکن انتخابا ت کی تیاری کریں بہت جلد خوشخبری ملنے والی ہے، اصغر خان کیس کے فیصلہ پر نواز شریف کے خلاف کارروائی نہ کر کے دونوں جماعتوں کے درمیان کٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا۔ وہ عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیر محل، کمالیہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا دونوں جماعتوں نے عوام کو مہنگائی، کرپشن، لوڈشیڈنگ، چوری ڈکیتی کے سوا کچھ نہیں دیا لیکن اب ان دونوں سٹیٹس کو کی حامل جماعتوں سے نجات کا وقت آگیا ہے اور چند ہفتوں تک دونوں جماعتوں کی ایک ساتھ وکٹیں گرائینگے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف کی کرپشن کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پورے پنجاب کا بجٹ 27 کلومیٹر کی سڑک پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا حکمرانوں نے تمام قومی اداروں کو تباہ کر دیا پی آئی اے کسی دور میں دنیا کی بہترین ائیر لائنوں میں سے تھی لیکن حکمرانوں نے اس کا بیڑا غرق کر دیا ہے، آج حکمران اپنی کرپشن کے ذریعے امیر ہو رہے ہیں اور غریب غریب تر ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے لا ہور میں پانچ سو کروڑ کا گھر تعمیر کروایا یہ بتائیں ان کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی کیا یہ رقم بمبینو سینما کی ٹکٹیں بلیک کر کے کمائی ہے؟ انہوں نے کہا حکومت اب تک 200 سو ارب نقصان کر چکی ہے اگر لوٹی ہوئی دولت پاکستان واپس لائی جائے تو ملک کی حالت تبدیل ہو سکتی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا اس وقت ملک پر مسلط حکمران زرداری اور نواز شریف دونوں صرف لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ دونوں میا ں برادران محض فوٹو بنوانے پر اربوں روپے لٹا رہے ہیں شوباز شریف نے صوبے بھر کا صحت اور تعلیم کا تمام بجٹ سڑک پر لگا دیا۔ آج نواز شریف طالبان سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں جبکہ میں نو سال سے مذاکرات کی بات کر رہاہوں مجھے کبھی طالبان خا ن او ر کبھی بغیر داڑھی والا دہشت گرد کہا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زرداری نے بحریہ ٹا ﺅن لاہور میں 200 کنال کا بلاول ہاﺅس بنا دیا اور قوم کا اربوں کا اکٹھا کیا گیا ٹیکس اس گھر پر لگا دیا گیا، عمران خان نے کہا کہ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ستر فیصد ممبران ٹیکس چور ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا وقت ختم ہو گیا۔ رجانہ سے نامہ نگار کے مطابق رجانہ پہنچنے پر عمران خان کا والہانہ اور فقید المثال استقبال کیا گیا اس موقع پر سابق ایم پی اے و تحریک انصاف کے رہنما بریگیڈیئر (ر) جاوید اکرم نے دفتر تحریک انصاف ٹوبہ روڈ پر سینکڑوں ساتھیوں سمیت والہانہ اور فقید المثال استقبال کیا۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق عمران ان نے کہا کہ جس ملک کے سربراہ ہی چور ہوں اس ملک کا مستقل تاریک ہی ہو گا۔ شب تاریک ختم ہونے کی ہے۔ انہوں نے ملک کو اربوں روپیہ جنگلا بس سروس پر خرچ کر دیا ہے جو عوام کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق عمران ان نے کہا کہ صدر زرداری بتائیں کہ آج تک کتنا ٹیکس جمع کروایا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی مپٹرو جنگلہ بس نے پنجا کو کنگلا کر دیا۔ شہباز چوک میں جلسہ میں گلوکار ابرارالحق نے اپنی نظم انقلاب بھی پڑھی۔ پیر محل سے نامہ نگار کے مطابق شہر کے وسطی اللہ چوک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کی طاقت سے اقتدار میں آ کر ایسا نظام حکومت لا¶ں گا جس سے امیر اور غریب میں تمام فرق ختم ہو جائے گا۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ نوازشریف، زرداری دونوں ایک دوسرے کا احتساب نہیں کر سکتے۔ پاکستان کی دونوں بڑی جماعتوں نے اقتدار کی بندر بانٹ شروع کر رکھی ہے۔ عمران کی گوجرہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ بلیڈر کی مدد سے فضا میں آرگنائزر جلسہ میاں اویس نبیل کی اور عمران خان کی تصویر والی پرچیاں فضا سے پھینکی گئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن