رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود تیل وگیس کے منصوبے مکمل کریں گے: ایران
تہران (اے پی پی) ایران کے وزیر برائے پٹرولیم رستم قاسمی نے کہا ہے کہ ہر قسم کی رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود تیل اور گیس منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر پٹرولیم نے جنوبی جزیرے سری کے قریب گیس پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس منصوبوں کو مکمل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ گیس اور تیل منصوبوں کو مکمل کرنے میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں مگر ہم رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود منصوبے مکمل کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے گیس پلانٹ سے روزانہ 100 سے 104 کیوبک فٹ گیس پیدا ہوگی۔ رستم قاسمی نے کہا کہ جنوبی ساحلی علاقے میں این جی ایل پلانٹس لگائے جائیں گے جہاں سے 40 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوگی۔