لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، سردی لوٹ آئی، چھت گرنے سے بچی جاں بحق
لاہور (اپنے نمائندے سے+ نامہ نگاران) لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا لاہور، پنڈی، ملتان، وہاڑی اور بہاول پور میں رات بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں چھت اور سائن بورڈ گرنے کے باعث دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ اچھرہ کے علاقہ کمبوہ کالونی میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر دو بہنیں جمیلہ، شکیلہ اور انکا والد رمضان زخمی ہو گئے۔ ٹاﺅن شپ میں مارکیٹ پر لگا ہوا سائن بورڈ دو افراد پر جا گرا جس سے ریڑھی بان مقبول اور نامعلوم شخص زخمی ہو گئے۔ بارش کے باعث 76 سے زائد بجلی کے فیڈر ٹرپ ہو گئے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے محنت کش کی کمسن بچی جاں بحق جبکہ دیگر اہلخانہ زخمی ہو گئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق بارش کا پانی بھر جانے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق بارش کے باعث کاروباری اور معمولی کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق لوگ جیکٹیں اور گرم سویٹر پہن کر بارش کو انجوائے کرتے رہے۔ لوگ موسم کو انجوائے کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں، گلیوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں پانی کھڑا ہو جانے پر انتظامیہ کو بھی کوستے رہے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق بارش سے متعدد گھروں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔