• news

محمود عباس کی زرداری کو قبلہ اول میں اکٹھے نماز پڑھنے کی دعوت


اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ایوان صدر میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے میں فلسطین کے صدر محمود عباس نے صدر آصف علی زرداری کو فلسطین کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہاکہ آپ فلسطین کا دورہ کریں ہم دونوں قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں مل کر نماز ادا کریں گے۔ صدر محمود عباس نے قبلہ اول کا ذکر کرتے ہوئے قرآن کریم کے پندرہویں پارے کی ابتدائی آیات کی تلاوت کی جن کا مفہوم ہے ”پاک ہے وہ ذات جو اپنے بندے کو لے گئی مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک“ فلسطین کے صدر کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے دوران پاکستانی فنکاروں نے کلاسیکی اور نیم کلاسیکی موسیقی سناکر خوب داد وصول کی۔ بعد میں صدر زرداری اور صدر محمود عباس نے موسیقی پیش کرنے والے فن کاروں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ ظہرانے میں چیئرمین سینٹ، وفاقی وزرائ، اسلامی ملکوں کے سفیر اور دوسری شخصیات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس سے قبل جب فلسطین کے صدر ایوان صدر آئے تو ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ فوج کے چاق و چوبند دستوں نے فلسطینی صدر کو سلامی دی۔
محمود عباس/ جھلکیاں

ای پیپر-دی نیشن