شریف برادران جب تک لوٹوں کا ناشتہ نہ کر لیں روٹی ہضم نہیں ہوتی : پرویز الہی
لاہور (خبر نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف پنجاب میں میرے اور اپنے 5 سال کے دوران کرائے گئے کاموں کے موازنہ پر سروے کروائیں جعلی اور جھوٹے سروے کی بنیاد پر صوبہ کے عوام کو دھوکہ نہ دیں، جنگلا بس پاکستان ہی نہیں ایشیاءکا سب سے بڑا سکینڈل ہے جس میں ٹرانسپرنسی غائب ہے، شریف برادران جب تک 2 لوٹوں کا ناشتہ نہ کر لیں انہیں روٹی ہضم نہیں ہوتی، میں نے چکوال اور تلہ گنگ میں 22 ارب کے ترقیاتی منصوبے دئیے لیکن نام نہاد خادم اعلیٰ ہمارے قائم کردہ تلہ گنگ ہسپتال کی مشینری بھی اٹھا کر لے گئے۔ وہ تلہ گنگ میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے سردار امجد الیاس، ملک اسد خان، سید تقلید شاہ، پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ شاہ جہان، فوزیہ بہرام، ملک قدیر الطاف اور پیر نثار قاسم نے بھی خطاب کیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ جنگلہ بس سروس میں ایشیاءکی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن ہوئی ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو اس کا نوٹس لینا چاہئے، ہمارے خوشحال پنجاب کو نااہل وزیراعلیٰ نے کنگلہ کر دیا لیکن عوام آئندہ الیکشن میں انہیں پنجاب بدر کر دیں گے، ان کے ایم پی اے ایم این اے گونگے اور بہرے ہیں جو تلہ گنگ میں ہسپتال کی کروڑوں روپے کی مشینری یہاں سے اٹھانے پر خاموش رہے اور عوام کو بے بس و بے یار و مددگار چھوڑ دیا، یہاں ہسپتال میں مشینری نہ ہونے کے باعث ہلاکتیں ہونے کا مقدمہ وزیراعلیٰ اور ن لیگ کے مقامی ارکان اسمبلی کے خلاف درج ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی محبت، جوش اور ولولہ دیکھ کر میں نے یہاں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ لوگ الیکشن لڑ کر چلے جاتے ہیں میں ہاروں یا جیتوں میں آپ کے پاس آتا رہوں گا۔ ہم نے جنوبی پنجاب سمیت پورے پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور لاہورسمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں بلاتفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کئے، ہم نے ایک علاقہ کے فنڈز دوسرے علاقہ یا لاہور میں نہیں لگائے مگر خادم اعلیٰ نے دوسرے اضلاع کے فنڈز بھی جنگلا بس سروس پر لگا دئیے۔ جنگلہ بس سروس، لیپ ٹاپ سکیم، آشیانہ سکیم جیسی ناکام سکیموں کے باعث پنجاب کا خزانہ خالی ہے اور سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں، ن لیگ نے پانچ سال میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے بلکہ عوامی خدمت کا ہمارا بلدیاتی نظام نظام ختم کر دیا۔ انہوں نے شہباز شریف کو چیلنج کیا کہ وہ اپنے تینوں ادوار سے ہمارے 5 سال کے کاموں کا موازنہ پر سروے کرائیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ عوام کے دل اور زبانیں کیا کہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کا دماغ نہیں ہوتا اسی لیے ن لیگ کے رہنما ناکام منصوبے لا رہے ہیں، سائیکل کی سواری بغیر ڈیزل اور پٹرول کے منزل پر پہنچا دیتی ہے اس لئے ہم اپنے منصوبے مکمل کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو عوام کی محرومیاں ختم کر دیں گے۔ حافظ عمار یاسر نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی آج ساتویں بار آپ کی دہلیز پر آیا ہے جس نے ڈیم، تعلیمی ادارے بنائے، گھر گھر گیس اور بجلی پہنچائی، عوام آئندہ الیکشن میں انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر احسانات کا بدلہ چکائیں۔ قبل ازیں پرویزالٰہی کا پرجوش استقبال کیا گیا اور منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں ہار پہنائے۔ چودھری پرویزالٰہی کا ہیلی کاپٹر دیکھ کر پنڈال میں موجود ہزاروں لوگوں نے کھڑے ہو کر ان کے حق میں والہانہ اور پُرجوش نعرے لگائے۔ جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی پنڈال کھچا کھچ بھر جانے کے باعث قریبی سڑکوں پر بھی عوام کا ہجوم تھا جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر جلسہ گاہ کے ساتھ موجود پارکنگ اور پلاٹ خالی کر دئیے۔ ملک مظفر علی خان نے چکوال اور تلہ گنگ کے عوام کی جانب سے چودھری پرویزالٰہی اور راسخ الٰہی کو روایتی پگڑی پیش کی۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے چکوال اور تلہ گنگ کے متعدد قریبی علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔
پرویزالٰہی