انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا : الیکشن کمشنر
کراچی (این این آئی + آن لائن) چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کہا ہے مستقبل میں کیا ہو گا وہ نہیں جانتے تاہم تبدیلی اور آگے بڑھنے کے لئے الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہونگے، ملک میں امن تب آئے گا جب شفاف الیکشن کے ذریعے منتخب نمائندے اقتدار میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں منتخب حکومت کا تجربہ نہیں ¾ ہمسایہ ملک بھارت میں 10 مرتبہ الیکشن ہوئے ¾ ہمیں صرف 2 مرتبہ ہی صحیح انتخاب کا موقع ملا۔ آن لائن کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کہا انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، کوئی جماعت تاخیر نہیں چاہتی، انہوں نے کہا انتخابات ضرور ہوں گے اور اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے جب سب مل کر بیٹھیں گے اور عوام متفقہ طور پر قیادت کو منتخب کرے گی تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے یہاں جو بھی آتا ہے وہ یہی کہتا ہے کہ ملک کے حالات خراب ہیں۔ مزید برآں معروف مصور راشد رانا کے فن پاروں کی نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا، ہم نے ماضی میں غلطیاں کی ہیں لیکن اب ہم آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لئے روزانہ 18گھنٹے کام کر رہے ہیں، پاکستانی امید نہیں چھوڑتے، ہمیں اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ”یہ مت دیکھیں کون سی پارٹی کی قیادت کون کر رہا ہے، صرف اچھے لوگوں کو ووٹ دیں۔ اپنے امیدوار سے پوچھیں کیا اس نے ٹیکس اد ا کئے، اس کے آمدن کے ذرائع کیا ہیں۔ پرانے ارکان پارلیمنٹ نے کیا کا م کیا ہے، انہوں نے کہا تبدیلی لازمی ہوگی۔ آن لائن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا کراچی کے حالات کے پیش نظر حلقہ بندیوں کا کام اتنا آسان نہیں۔ کراچی میں نئی مردم شماری کے بغیر حلقہ بندیاں کبھی نہیں ہوسکتیں۔
چیف الیکشن کمشنر