ایران کا پاکستان کے قریب نئے بحری فوجی اڈے کے قیام کا فیصلہ
تہران (ثناءنیوز) اےران پاکستانی سرحد کے قریب خلیج عمان میں ایک نئے بحری فوجی اڈے کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا نے کہا ہے تہران حکومت پاکستان سرحد کے قریب خلیج عمان میں ایک نئے بحری فوجی اڈے کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ ایران کے ان ارادوں کا حصہ ہے جن کے تحت وہ خلیج فارس میں اپنی بحری فوجی قوت میں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پسابندر نامی یہ فوجی اڈا گوادر سے 130 کلومیٹر دور قائم کیا جا رہا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ایرانی بحریہ، ملک کے جنوب مشرقی بندرگاہ "پسابندر " میں پاکستانی سرحد کے قریب نیا بحری مرکز بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا اس سے قبل ایران کی بحریہ کی ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں فوجی موجودگی نہیں تھی۔
ایران / اڈہ