فیصل آباد: زیر تعمیر انڈر پاس میں ڈوبنے والے ایک شخص کی نعش برآمد، لواحقین کا دھرنا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) عبد اللہ پور زیر تعمیر انڈر پاس میں نہری شگاف کے باعث ڈوب جانے والے افراد میں سے ایک شخص کی نعش برآمد کرلی گئی۔ قبل ازیں پانی میں گرنے والے چار افراد کے لواحقین اور محلہ داروں کا سٹیشن چوک اور جی ٹی ایس چوک سے چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی مظاہرہ ‘ دھرنا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی‘ جمعہ کی رات زیر تعمیر انڈر پاس کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے گرنے والے 22 سالہ اختر مجید‘ قدیر‘ محمود ‘ عاطف کا امدادی ٹیموں کی سر توڑ کوششوں کے باوجود تا حال کوئی پتہ نہیں چل سکا اور نہ ہی ان کو گڑھے سے نکالا جا سکا ہے‘ فیصل آباد انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے مظاہرین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ گم شدہ افراد کو نکالنے کےلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ عبداﷲ پور میں زیر تعمیر انڈر پاس میں نعشوں کی تلاش کے لئے آپریشن کی نگرانی ایم این اے چوہدری عابد شیر علی ‘ ایم پی اے رانا محمد افضل خاں ‘ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب مصطفے شہزاد مغل ‘ میاں طاہر جمیل اور دیگر لیگی رہنماﺅں نے کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرمیاں رفعت ضیاء‘ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے مختلف محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 رضوان نصیر بھی لاہور سے پہنچے۔ محمود کی میت کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناءانکوائری ٹیم کی طرف سے نہری شگاف کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لئے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔