لوٹوں کی خریداری پر شہباز، نثار کو تمغہ امتیاز ملنا چاہئے: قمر کائرہ
گجرات (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام پر ہمیں کوئی جلدی نہیں، کچھ لوگوں کو جلدی ہے۔ میاں برادران کو سیاسی خرید و فروخت میں خصوصی مہارت حاصل ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارا حکومتی اتحاد تھا، انتخابی نہیں، ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر مذاکرات کل منگل کو ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجن کسانہ میں شاپنگ پوائنٹ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف سندھ کے یونین کونسل لیول کے لوگوں کو ساتھ ملا کر سمجھ رہے ہیں کہ انہوں نے پورے سندھ کو فتح کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا چرچا کیا جا رہا ہے وہ کافی عرصہ سے ہمیں چھوڑ چکے ہیں اور سینٹ انتخابات میں بھی ان لوگوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دیئے تھے۔ آئینی طور پر اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے اور اسمبلیاں تحلیل ہونے کے 3دن کے اندر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر باہمی مشاورت سے نگران وزیراعظم نامزد کر دینگے اگر ایسا نہ ہو سکا تو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اپنے دو دو فام الیکشن کمشن کو پیش کر دیں گے۔ پھر الیکشن کمیشن نگران وزیراعظم کا فیصلہ کرینگے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ لوٹوں کی خریداری پر چودھری نثار اور میاں شہباز شریف کو تمغہ امتیاز ملنا چاہئے۔