متحدہ کی حکومت سے علیحدگی مک مکا ہو سکتی ہے: شاہ محمود قریشی
سکھر (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ کا حکومت چھوڑنے کا فیصلہ جمہوری حق ہے مگر پی پی پر جو الزامات لگائے ہیں وہ بہت حیران کن ہیں جس سے سندھ کے حالات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے بعض حلقوں کی جانب سے علےحدگی کو دونوں جماعتوں کے درمیان مک مکا بھی قرار دیا جا رہا ہے تاکہ سندھ میں اپنی مرضی کا نگراں سیٹ اپ لایا جا سکے اگر یہ بات سچ ہے تو اس سے الیکشن کی شفافیت پر اثر پڑے گا۔ سکھر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا واقعہ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے اگر سانحہ علمدار کے ملزمان کو گرفتار کرلیا جاتا ہے تو شاید ایسا واقعہ رونما نہ ہوتا حکومت کو عوام کے جان ومال کی کوئی فکر نہیں وہ سیاسی جوڑ توڑ میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف دکھ کی گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ کوئٹہ کے ملزمان کو گرفتار کرکے ملک بھر میں قیام امن کے لیئے اقدامات کئے جائیں ۔