افغانستان سے امریکہ کے جانے پر بھارت بھی کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا: حافظ سعید
کراچی(ثناءنیوز) جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ڈرون حملے، فرقہ وارانہ لڑائیاں، تخریب کاری اور بم دھماکے امریکا کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کا تحفہ ہیں۔ افغانستان سے امریکی انخلاءکے بعد بھارت بھی کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔ افضل گورو کی شہادت نے کشمیریوں کی آزادی کی منزل کو قریب کر دیا ۔ اتوار کو جامعہ الدراسات اسلامیہ گلشن اقبال کراچی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر حل ہونے تک بھارت سے دوستی، تجارت اور ویزا پالیسی میں نرمی جیسے فیصلے قبول نہیں کئے جاسکتے۔ یہ وقت سیاست کا نہیں مسلمانوں کو حوصلے دینے کا ہے۔ بنیادی ذمہ داری حکومت کی ہوتی ہے اگر حکومت ذمہ داریاں ادا نہ کرے تو اصلاح کی ذمہ داری علماءپر عائد ہوتی ہے مگر افسوس کہ آج علماءاختلافات کا شکار ہو چکے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ کوئٹہ وکراچی کے حالات سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ فریقین کی آڑ میں ملک دشمن عناصر تخریب کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہی نہیں پاکستان کے لئے بھی زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔