کینٹ ڈویژن لاہور جرائم کی آماجگاہ، قبضہ گروپوں کی بڑی تعداد سرگرم
لاہور (احسان شوکت سے) لاہور پولیس کی کینٹ ڈویژن جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ بن گئی۔ کینٹ ڈویژن میں 14تھانے اور 6پولیس چوکیاں قائم ہیں جن میں تھانہ ڈیفنس اے، ڈیفنس بی، فیکٹری ایریا، سرور روڈ، شمالی چھاﺅنی، جنوبی چھاﺅنی، مصطفی آباد، غازی آباد، برکی، ہڈیارہ، باغبانپورہ، ہربنس پورہ، مناواں اور تھانہ باٹا پور کے علاوہ پولیس چوکی سپر ٹاﺅن، چوکی واہگہ، چوکی ہیئر، چوکی منہالہ، چوکی ائرپورٹ اور چوکی گلدشت ٹاﺅن شامل ہیں۔ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں 610منشیات فروش، 152جوا خانے، 55جسم فروشی کے اڈے، 87قبضہ گروپوں کے علاوہ ڈکیت چور گینگز کے علاوہ اشتہاری ملزمان غیرقانونی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ جرائم پیشہ عناصر پولیس کو اس کا حصہ دے کر کالا کاروبار کر رہے ہیں۔ پولیس ملزمان کی سرپرستی کرتی نظر آتی ہے۔ لاہور کی تمام ڈویژنوں میں سب سے زیادہ منشیات فروش اور قبضہ گروپ کینٹ ڈویژن کے علاقوں میں ہیں۔