پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان حکومتوں کے بجٹ سرپلس، حجم 740ارب روپے رہا
لاہور (احسن صدیق) ملک کے 4صوبوں پنجاب، سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان کی حکومتوں کے رواں مالی سال 2012-13ءکے بجٹ جولائی سے دسمبر (6ماہ) کے دوران مجموعی طور پر 142ارب 28کروڑ 80لاکھ روپے سرپلس رہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے رواں مالی سال کے پہلے 6ماہ کے لئے جاری کئے جانے والے بجٹ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال چاروں صوبائی حکومتوں (پنجاب، سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان) کے مجموعی ریونیو کا حجم 740.9ارب روپے رہا جس میں 592.2ارب روپے این ایف سی کے تحت صوبوں کو مہیا کئے گئے جبکہ 148.73ارب روپے صوبوں کی محاصل اور غیرمحاصل آمدنی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق چاروں صوبوں کے اخراجات کا مجموعی حجم 598.6ارب روپے رہا جو مجموعی آمدنی کے مقابلے میں 142ارب 28کروڑ 80لاکھ روپے کم ہے۔ مجموعی اخراجات میں سے چاروں صوبوں نے 476.13ارب روپے جبکہ 122.5ارب روپے ترقیاتی اخراجات کی مد میں خرچ کئے۔ اعداد و شمار کے مطابق چاروں صوبائی حکومتوں نے اپنے سرپلس بجٹ میں سے 96.5ارب روپے قرضوں کی ادائیگی کی مد میں ادا کئے۔