ٹریفک حادثات میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے‘ ڈس افراد زخمی
لاہور + فیروز والا (نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق‘ 10 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان چونگی کا رہائشی 40 سالہ محنت کش فرید احمد گذشتہ روز مانگا منڈی کے علاقہ میں ملتان روڈ عبور کر رہا تھا کہ اسے تیز رفتار کار نے کچل ڈالا۔ جس سے فرید احمد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ علاوہ ازیں ملتان روڈ پر تیز رفتار ویگن اور رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں 4 افراد نعیم‘ رضوان اور راشد وغیرہ زخمی ہو گئے جبکہ کاہنہ میں موٹرسائیکل تیز رفتاری کے باعث دیوار سے ٹکرانے کے باعث نوجوان اسلم اور اس کا دوست زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیںجی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکے سمیت دو افراد ہلاک اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹول پلازہ کے قریب تیز رفتار کار الٹ جانے سے زمیندار محمد اسلم ہلاک اور ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ ٹریکٹر سے گر کر ایک نوعمر لڑکا جاں بحق ہو گیا۔ ویگن اور ٹریکٹر ٹرالی تصادم میں ڈالہ ویگن سوار دو افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور روڈ پر ویگن کی سائیڈ لگنے سے خاتون زخمی ہو گئی۔