سی سی پی او کا تھانہ ڈیفنس کا دورہ‘ بدانتظامی پر ایس ایچ او کی سرزنش
لاہور (نامہ نگار) سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی نے گذشتہ روز تھانہ ڈیفنس اے کا اچانک دورہ کیا اور رجسٹر نامکمل ہونے و صفائی کے ناقص انتظامات پر ایس ایچ او میاں قدیر کی سخت سرزنش کی۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور امجد جاوید سلیمی نے گذشتہ روز تھانہ ڈیفنس اے کا اچانک دورہ کیا تو تھانے میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے۔ جب ریکارڈ یافتہ مجرمان کا رجسٹر چیک کیا گیا تو رجسٹر نامکمل تھا اور مجرمان کی تصاویر بھی غائب تھیں۔ جس پر امجد جاوید سلیمی نے ایس ایچ او میاں قدیر اور محرر کی سخت سرزنش کی اور انہیں وارننگ دی کہ ایک دن میں ریکارڈ یافتہ مجرمان کا رجسٹر مکمل کر کے انہیں پیش کیا جائے۔ انہوں نے سی سی پی او آفس سے جاری کئے گئے 18 نکاتی سرکلر پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی جائزہ لیا۔