• news

ہاکی فیڈریشن مالی بحران کا شکار ہے : آصف باجوہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ فیڈریشن مالی بحران کی شکار ہے جس کے باعث مسائل کا سامنا ہو رہا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ سے درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری گرانٹ جاری کی جائے تاکہ مستقبل کے حوالے سے ترتیب دئیے گئے پروگرامز کو شیڈول کے مطابق پورا کیا جا سکے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم کا اعلان 25 فروری تک کر دیا جائے گا ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے ساتھ بعض سینئر کھلاڑیوں جن میں وسیم احمد، شکیل عباسی اور ایم عمران شامل ہیں آرام دیکر ان کی جگہ نواجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا سکتا ہے تاہم یہ کام ٹیم مینجمنٹ کی حتمی سفارش پر ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راشد محمود اور رضوان سینئر نے ایک سال قبل یورپ کی لیگ ہاکی کے لئے این او سی حاصل کیا تھا ان کے خلاف کسی قسم کا ڈسپلنری ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ 2 کروڑ روپے کی گرانٹ نہ ملی تو جونیئر ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ اور انڈر 16 بوائز ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت سوالیہ نشان بن سکتی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن