• news

این آئی سی ایل کیس :3 سال ہو گئے ملزم خالد انور کو گرفتاری کیوں نہیں کیا گیا: چیف جسٹس

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ میں این آئی سی ایل کیس کی سماعت کے دوران جسٹس افتخار محمد چودھری نے استفسار کیا کہ تین سال ہوگئے، ملزم خالد انور کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ انکی امریکہ سے واپسی کیلئے کیا اقدامات کئے گئے؟ ایف آئی اے کے وکیل منیر پراچہ نے کہا کہ ملزم خالد انور کی گرفتاری کیلئے ریڈوارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس کی سماعت کی۔ایف آئی اے کے وکیل منیر پراچہ نے موقف اختیار کیا کہ کراچی میں این آئی سی ایل کو فروخت کی گئی زمین کے اصل مالکان خواجہ اکبر بٹ اور خالد انور نہیں بلکہ ظفر سلیم اور احسن اقبال تھے۔ایاز خان نیازی سمیت تیرہ ملزمان نامزد ہیں، جو ضمانت قبل از گرفتاری پر ہیں۔ خالد انور مقدمہ سے قبل امریکہ چلے گئے تھے ، ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ ریڈ وارنٹ والی سٹوری غلط لگتی ہے، چیک کرا لیں،کیا ایف آئی اے کی ملزم سے رشتہ داری ہے ، جو کارروائی نہیں کی گئی، مزید سماعت آج کی جائےگی۔

ای پیپر-دی نیشن