گیارہ سالہ بچی کے اغوا اور قتل کا چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد (ثناءنیوز + نوائے وقت نیوز) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اغوا کے بعد 11 سالہ لڑکی کے قتل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو آج (منگل کو) عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اخبارات میں شائع ہونے والی خبر پر ازخود نوٹس لیا ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقہ بہارہ کہو سے گیارہ سالہ بچی شہزادی ٹیوشن پڑھنے گئی تھی جہاں سے اسے اغوا کر لیا گیا اور بعد میں اس کے ساتھ مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا اور اس کی نعش سیکٹر آئی نائن ون کے نالے سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق بچی کے قتل کے دونوں ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں اور ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ لے لیا گیا ہے۔ ایک ملزمہ عبوری ضمانت پر ہے۔