بلوچستان کو فوج کے حوالے کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا: خورشید شاہ
اسلام آباد (ثناءنیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امورسید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عوام کی آواز پر بلوچستان میں گورنر راج لگایا گیا۔ اب حملہ آوروں نے گورنر راج کو بھی چیلنج کیا۔ بلوچستان کو فوج کے حوالے کرنے سے مسئلے کا حل نہیں نکلے گا۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر دہشتگردوں کے خلاف لڑنا ہوگا۔ کوئٹہ سانحہ انٹیلجنس اداروں کی نا کامی ہے۔ یہ پتہ لگانا مشکل نہیں کہ دہشتگردوں کے اڈے کہاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا انتخابات سے پہلے ایم کیو ایم یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ وہ اپوزیشن میں ہے۔ مسلم لیگ ن یہ نہیں چاہے گی کہ تین صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک دن ہوں اور پنجاب اسمبلی کے الگ دن۔ اس سے مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچے گا۔ خورشید شاہ نے کہا اگر مسلم لیگ ن اتفاق کرے تو عبدالحفیظ شیخ کو نگراں وزیراعظم بنانے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی پر تازہ حملہ خفیہ اداروں کی ناکامی ہے۔