پیپلزپارٹی کو الیکشن میں لاڑکانہ سمیت پورے سندھ میں شکست دینگے: پیرپگاڑا
احمد پور شرقپہ (آئی این پی+ اے پی اے) حُروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ راشدی پیرپگاڑا نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو لاڑکانہ سمیت پورے سندھ میں شکست دیں گے، پی پی پی نے پانچ سال میں عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا، پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر محمد علی درانی کے ہمراہ ہیڈ فرید چولستان میں عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی پی حکومت نے سندھ میں نوکریوں کی لوٹ سیل لگا رکھی ہے، چپڑاسی کی نوکری کیلئے بھی ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے رشوت لی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور کی بحالی یہاں کے عوام کا جائز حق ہے اور ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا پی پی حکومت نئے صوبوں پر سیاست کر رہی ہے اور اسے ’الیکشن سٹنٹ‘ کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔ نئی آنے والی حکومت ہی اب نئے صوبے بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے مخدوم احمد محمود اور مخدوم یوسف رضا گیلانی کی خواہشات پر نہیں بلکہ عوامی جذبات کو دیکھتے ہوئے بنانے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اتحاد کے سلسلہ میں میاں نوازشریف سے ملاقات ہو رہی ہے جس کا نتیجہ بہت جلد سامنے آ جائیگا۔ پیرپگاڑا نے کہاکہ الیکشن کے راستے میں بے شمار رکاوٹیں نظر آ رہی ہیں۔ اس وقت ملک میں میاں نوازشریف کے سوا کوئی اس کے انعقاد میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہا۔ پیرپگاڑا نے واضح کیا ہے کہ مسلم لیگ ف سندھ بھر میں پیپلزپارٹی کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ مخدوم احمد محمود نے صرف گورنر بننے کیلئے پارٹی چھوڑی، ان کے پیپلزپارٹی میں جانے سے بہاولپور صوبہ بحالی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔