• news

قائمہ کمیٹی کا نجی تفریحی چینل کا لائسنس بوگس ہونے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ

 اسلام آباد (اے پی پی) سینٹ کی مجلس قائمہ اطلاعات و نشریات نے نجی تفریحی چینل کے لائسنس کے بوگس ہونے کے معاملہ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو اپنی نگرانی میں تحقیقات کرانے اور دیگر ضروری اقدامات سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو چیئرمین سینیٹر کامل علی آغا کی سربراہی میں مجلس قائمہ کا اجلاس ہوا جس میں غیر ملکی ڈراموں کو اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کرنے والے نجی چینل کے معاملہ پر بحث و تمحیص کے دوران پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل لائسسنگ اشفاق جمانی نے اجلاس کو بتایا متعلقہ چینل کو بوگس لائسنس جاری ہوا ہے اور دبئی میں ان کے دفتر کا بھی کوئی وجود نہیں، اس ضمن میں پیمرا حکام نے کئی مرتبہ وہاں رابطہ کر کے معلوم کیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان اور چیئرمین نے ڈی جی لائسنسنگ اشفاق جمانی کا سچائی سامنے لانے پر شکریہ ادا کیا اور سراہا۔ کمیٹی نے اس معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے فنکاروں محمد قوی خان، آصف رضا میر، لیلی زبیری، ہمایوں سعید، یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین یٰسین ملک اور دیگر نے غیر ملکی مواد کے حامل اردو ترجمہ کے ساتھ نشر ہونے والے ڈراموں اور غیر ملکی فنکاروں کے حامل اشتہاروں پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا پاکستانی فنکاروں کی دادرسی نہ کی گئی تو ڈرامہ صنعت بھی فلمی صنعت کے حال سے دوچار ہو جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن