پاکستان بھارت تعلقات میں کشیدگی پر تشویش ہے‘ دہلی سے عظیم شراکت داری چاہتے ہیں: کیمرون
نئی دہلی (اے پی اے+ اے ایف پی) برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ ’اکیسویں صدی کی ایک عظیم شراکت داری‘ کا آغاز کر سکتا ہے۔ پاکستان بھارت تعلقات میںکشیدگی پر تشویش ہے، پاکستان کو مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ خطے میں امن و امان کیلئے بھارت سے تعاون کرتے رہینگے۔کیمرون بھارت کے تین روزہ دورے پر پیر کو ممبئی پہنچے۔ انھوں نے یہ باتیں اپنی ممبئی آمد سے قبل ایک انٹرویو میں کہیں۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ہم لوگوں میں تاریخی، لسانی اور تہذیبی لحاظ سے کافی مضبوط رشتے ہیں لیکن جو چیز مزید دلچسپی کا باعث ہو سکتی ہے وہ ہے ہمارے رشتوں کے وہ مواقع جن کا ہم ابھی تک استعمال نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت اور امن میں پیشرفت کا سلسلہ برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا بھارت دنیا کی ابھرتی ہوئی قوت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جب آپ ترقی کریں اور کامیاب ہوں تو برطانیہ بھارت کا شراکت دار ہو۔ برطانوی وزیراعظم کی حیثیت سے ان کا دوسرا دورہ بھارت ہے۔ وہ وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر پرناب مکھر جی سے ملاقات کریں گے۔ اے ایف پی کے مطابق ڈیوڈ کیمرون ایسے وقت بھارت کا دورہ کر رہے ہیں جب 74کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کے 12ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں کرپشن کا ایک بڑا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ اینگلو اٹالین کمپنی کے ساتھ یہ معاہدہ 2010ءمیں ہوا تھا۔ بھارت اس سکینڈل کی تحقیقات کے ساتھ اسے منسوخ کرنے پر غور کر رہا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کے ساتھ تاجروں، صنعتکاروں کا ایک بڑا وفد بھی بھارت آیا ہے جبکہ 6 برطانوی یونیورسٹیوں کے سربراہان بھی وفد میں شامل ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے اپنے انٹرویو میں مصالحے دار بھارتی سالن کی اپنی پسندیدگی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ وہ دوران پرواز بالی ووڈ کی چند فلمیں بھی دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔