جمعیت علماءاسلام (ف) نے 28 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا
لاہور (ثناءنیوز)جمیعت علماءاسلام ف نے 28فروری کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔ اے پی سی اسلام آباد یا پشاور میں منعقد ہو گی جس میں پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ (ن) ،اے این پی اور جماعت اسلامی سمیت تمام مذہبی او ر سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جائیگی۔ جے یو آئی ف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کوئٹہ میںہونیوالی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ سکیورٹی ادارے بلوچستان میں مداخلت بند کردیں بعض تنظیموں کی سرپرستی ختم کر دیں ۔ یہی کچھ کراچی میں ہو رہا ہے ۔ کوئٹہ اور کراچی کے حالات کے پیش نظر ابھی بھی انتخابات کو ملتوی کروانے کی سازشیں ہو رہی ہیں اب یہ سیاسی جماعتوں کے اعصاب کا امتحان ہے کہ وہ کتنے تحمل سے انتخابات کے بر وقت انعقاد کو یقینی بناتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان کو چاہیے کہ وہ وزیر اعظم کے ساتھ بیٹھ کر نگران وزیر اعظم کا نام جلد فائنل کر لیں۔ انہوںنے کہا کہ 28 فروری کو اسلام آباد یا پشاور میں منعقد ہو نیوالی ہماری اے پی سی کا ایجنڈا پورے ملک میں قیام امن کیلئے روڈ میپ تیار کر نا ہے ۔ ہم اس کانفرنس میں پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ (ن)، اے این پی اور جماعت اسلام سمیت تمام مذہبی ،سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے جس کےلئے رابطے شروع ہیں۔