حکمرانوں کی بے حسی انتہا کو پہنچ گئی’ جب تک دھرنا نہ ہو کانوں پر جوں نہیں رینگتی: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے جمہوریت مخالف عناصر کی طرح امن دشمن عناصر کے خلاف بھی اجتماعی قومی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے حکمرانوں کی بے حسی اس انتہا کو پہنچ چکی ہے کہ جب تک دھرنا نہ ہو اور یہ دھرنا کئی روز تک طول نہ پکڑ جائے، ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کارکنوں کے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا ملک میں امن و امان کی صورتحال روز بروز سنگین تر ہوتی جا رہی ہے۔ کوئٹہ اور کراچی بطور خاص اس کا ہدف ہے۔ لاہور میں بھی ممتاز آئی سرجن اپنے معصوم بیٹے سمیت ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے کہا امن دشمن اور دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں سانحہ کہیں بھی ہو اور کسی کے بھی ساتھ ہو، ایک قومی سانحہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا قتل ظلم و بربریت کا وحشت ناک باب ہے۔ مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے جس میں ریاستی اداروں اور تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔