پشاور حملے میں زخمی اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اور لیوی اہلکار دم توڑ گئے چارسدہ میں چوکی پر حملہ، کانسٹیبل جاں بحق
پشاور (اے ایف پی + نوائے وقت نیوز) پشاور میں پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر میں حملے کے دوران زخمی ہونے والے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ خالد کنڈی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ سرکاری حکام نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ان کے علاوہ حملے میں زخمی ہونیوالا ایک اور لیوی اہلکار بھی دم توڑ گیا جس سے مرنیوالوں کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق اندر لگے کیمرے کو دھماکوں سے نقصان پہنچا ہے۔گیٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میںخرابی کے باعث فوٹیج نہیں بن سکی۔حملہ آوروں نے مین گیٹ پر فائرنگ کی اور اندرداخل ہوکر خود کو اڑا لیا۔ حملہ آوروں کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوادئیے گئے۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ واضح رہے گزشتہ روز 4 اہلکار 2 شہری جاںبحق ہوئے تھے جبکہ 2 حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔ علاوہ ازیں چارسدہ میں شرپسندوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس میں پولیس کانسٹیبل عظمت خان جاں بحق ہو گیا مردان روڈ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر 6 شدت پسندوں نے حملہ کر دیا۔