ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے دوران کار سرکار میں مداخلت پر شوکت بسرا کےخلاف مقدمہ درج
لاہور (نامہ نگار) تھانہ شادمان پولیس نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے دوران کار سرکار میں مداخلت پر پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا کےخلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ شوکت بسرا اور دیگر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ شریف برادران بوکھلاہٹ میں انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، ہم مقدمات اور جیلوں سے ڈرنے والے نہیں۔ دوسری جانب شوکت بسرا نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہوں نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی جس کی وجہ سے انہیں مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے تاہم وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی گرفتاری دینے کے لئے گیا تھا اب بھی یہیں موجود ہوں جس میں جرات ہے گرفتار کر کے دکھائے۔ منظور وٹو‘ راجہ ریاض احمد‘ ثمینہ خالد گھرکی‘ تنویر اشریف کائرہ‘ منیر احمد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ شریف برادران نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، وہ آج بھی سیاسی انتقامی پریقین رکھتے ہیں۔ ہم مقدمات اور جیلوں سے ڈرنے والے نہیں ۔ کون جیل کے مچھروں کے ڈر سے جدہ بھاگ گیا سب ان چہروںسے آشنا ہیں۔ رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ شوکت بسرا کی درخواست پر بھی مقدمہ درج کیا جائے۔