• news

اقوام متحدہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے: کشمیری قیادت

اسلام آباد (کے پی آئی) آزادکشمیر کے سابق صدر میجر جنرل (ر) سردار محمد انور، سابق وزیراعظم بیرسٹرسلطان محمود، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر ممبر یورپین یونین پارلیمنٹ شہزاد اقبال مغل،کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کے کنونیئر محمود احمد ساغر اور غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیا ہے کہ رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے بلاتاخیر ایڈمنسٹریٹر ر ائے شماری کا تقرر کیا جائے ۔ کشمیر میں رائے شماری سے قبل فوجی انخلاءعمل میں لایا جائے ۔ کشمیری قیادت نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبر ممالک کے نام ای میل پیغام میںکیا ہے ۔ گزشتہ روز جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام کل جماعتی رابطہ کمیٹی کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر ان رہنماﺅں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون اور سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبر ممالک کو ای میل بھیجا۔ چھ ای میل پیغامات کے ساتھ بان کی مون کے نام پانچ لاکھ ای میلز بھیجنے کا ہدف مکمل ہو گیا ہے۔ ای میلز پیغام میں سیکرٹری جنرل سے بھی کہا گیا ہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے امید کا دامن نہیں چھوڑا۔ اس لئے ضروری ہے کہ کشمیر کے سلسلے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیا جائے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں 122 اور 157 میں کسی بھی انتخابی عمل کو رائے شماری کے متبادل تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔ صرف رائے شماری کے ذریعے ہی کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے اس موقع پر کہا کہ 5 لاکھ ای میلز بھیجنے کا یہ عمل ایک ماہ میں مکمل ہوا ہے۔ نئے ہدف کے تحت تین کروڑ افراد سیکرٹری جنرل کو رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے حق میں ای میلز بھیجیں گے۔ ای میلز بھیجنے کی مہم مظفر آباد اور سری نگر سے شروع کی گئی تھی اب اسے بیرونی دنیا تک پھیلایا جا رہا ہے۔ سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد انور خان نے کہا کہ اس سے کشمیریوں کی آواز عالمی ادارے تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ اگر زبانی کلامی بات کی جائے تو اس کا اثر کم ہوتا ہے۔ ای میلز کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔ سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے ای میل مہم کی کامیابی پر عبدالرشید ترابی کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہر اچھے کام کی حوصلہ افزائی اور خرابی کی نشاندہی ضروری ہوتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن