ہمسایوں سے تعلقات بہتر بنا رہے ہیں‘ کشمیر سمیت دیرینہ مسائل مذاکرات سے حل کرنا ہوں گے: حنا
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر+این این آئی) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے چودہ ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی جس میں خطے سمیت افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاءکے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں روس، افغانستان، بھارت، چین، سعودی عرب، نیپال، ازبکستان، تاجکستان اور سری لنکا کے سفیر شامل تھے۔ تمام ممالک نے افغانستان میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ دریں اثنا وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسایوں، وسط ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تعلقات بہتر بنا رہا ہے۔ پاکستان، بھارت کے ساتھ اعتماد سازی کے ذریعے تعلقات کو آگے بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔ دونوں ملکوں کا کشمیر سمیت تمام دیرینہ مسائل کو بامقصد مذاکرات سے حل ضروری ہے۔