شام: میزائل حملہ‘ بچوں سمیت 20 جاں بحق: روس نے مزید 4 بیڑے بھیج دیئے
دمشق/ ماسکو ( اے ایف پی + اے پی پی) شامی صوبہ حلب کے نواحی علاقے میں میزائل حملے میں بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ادھر روس نے مزید چار جنگی بحری بیڑے شام کی سمندری حدود بحیرہ روم میں بھیج دیئے ہیں۔ منگل کو روس کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بحیرہ روم میں پہلے سے موجود چھوٹے بحری جہازوں اور عملہ کی مدد کیلئے چار جنگی بحری بیڑے بھیج دیئے گئے ہیں۔ چھوٹی کشتیاں اور چھوٹے جنگی طیارے ان بحری بیڑوں پر کھڑے کئے جائیں گے۔ وزارت دفاع کے حکام نے کہا ہے کہ بحری جہازوں کو شامی حدود میں بھیجنے کا مقصد شام میں ممکنہ کسی بھی ایڈوانچر کے نتیجہ میں پھنسنے والے روسی شہریوں کو بحفاظت وہاں سے منتقل کرنا ہے۔ روس کی وزارت ہنگامی حالات نے کہا ہے کہ دو جہازوں کے ذریعے امدادی اشیاءشام بھیج دی گئی ہے۔ شام سے جو بھی روسی باشندہ واپس آنا چاہتا ہے اسے ان جہازوں میں واپس لایا جائے گا۔