خضدار سے 2 نعشیں برآمد، چمن تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 2 غیر ملکی گرفتار
کوئٹہ / خضدار (بیورو رپورٹ) چمن میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے کوچنگ سینٹر تباہ، سنجاوی سے 2 افغان باشندے پکڑے گئے۔ جب کہ ضلع خضدار کے علاقے فیروز آباد سے دو افراد کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق لیویز کو فیروزآباد کے علاقے سے دو افراد عبدالخالق وڈھ اور نعمت بسیمہ کی لاشیں ملیں جو سول ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ جب کہ چمن ریلوے پولیس نے سٹیشن کے قریب 3 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان کی تلاشی لی تو ان کے قبضے سے اینٹی پرسنل مائنز 50 عدد، فیوز 100 عدد، ڈیٹونیٹر 30 عدد، پرائماکارڈ 30 گز برآمد کرکے 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔