چین کو گوادر پورٹ کی حوالگی سے معیشت بہتر ہو گی:اقتصادی ماہرین
لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے چین کی جانب سے گوادر پورٹ کا انتظام سنبھالنے پر کہا ہے اس تاریخی منصوبے کے پاکستان کی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ہماری معیشت میں اتنی بہتری آ سکتی ہے جس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بنکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد صدیقی اور ماہر اقتصادیات پروفیسر میاں اکرم نے کہا ہے کہ گوادر ائرپورٹ کے منصوبے سے ملک میں زبردست تجارتی وصنعتی سرگرمیاں فروغ پا سکتی ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ روزگار کے زبردست مواقع میسر آئیں گے لیکن اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی جنگ امریکی ایجنڈے کے تحت لڑنا بند کر دے۔ بلوچستان کی لیڈر شپ کو اعتماد میں لیا جائے اور امن وامان کی صورتحال بہتر بنائی جائے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنایا جائے۔ اس وقت بلوچستان اور اس کی سمندری حدود اور گوادر پورٹ پر دنیا بھر کی نظریں ہیں اور بہت سے ممالک نے اس علاقے میں بحری قوت میں اضافہ کیا ہے اس صورتحال میں پاکستان کو چین کے ساتھ اعلی سطح پر مشاورت اور روابط بڑھانے ہوں گے۔