سانحہ پر دل افسردہ ہے، نوازشریف کا ہزارہ کمیونٹی کے سربراہ کو فون
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے ہزارہ کمیونٹی کے سردار سعادت ہزارہ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا اور ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نوازشریف نے سردار سعادت سے کہا کہ وہ ان کے جذبات اور تعزیت ہزارہ کمیونٹی تک پہنچا دیں۔ نوازشریف نے کہا ان کا دل اس سانحہ پر افسردہ ہے۔ نوازشریف نے مزید کہاکہ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ کے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور خصوصی قانون سازی کرکے ملزمان کو جلد سزائیں دی جائیں۔ اس سانحہ میں پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ذمہ داران کے خلاف غفلت برتنے پر بھی ایکشن لیا جائے۔ نوازشریف نے ہزارہ کمیونٹی کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔