پاکستان اور ایران گوادر میں آئل ریفائنری لگائیں گے: ڈاکٹر عاصم
اسلام آباد (خبر نگار+ ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ ایران پاکستان پائپ لائن کی تعمیر کے معاہدے پر فروری کے آخر تک دستخط ہو جائیں گے۔ پاکستان اور ایران گوادر میں چار لاکھ بیرل یومیہ صلاحیت کی حامل آئل ریفائنری لگائیں گے۔ تیل و گیس کے منصوبوں پر پاکستان اور ایران کے درمیان ایک روزہ مذاکرات کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ گیس پائپ لائن پر ایران کیساتھ تکنیکی معاملات طے پا چکے ہیں۔ معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے انٹرسٹیٹ گیس سسٹم کا و فد آج ایران جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران گیس کی قیمت ہر صورت کم کریگا، گیس کی قیمت میں کمی کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔ آئل ریفائنری کی تعمیر سے متعلق معاہدے پر دستخط صدر کے 27 فروری کو دورہ ایران کے موقع پر ہونگے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران سے ایل پی جی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایران نے پاکستان کو عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں ایل پی جی 30 ڈالر فی ٹن کم پر فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ابتدائی طور پر 10 ہزار ٹن یومیہ ایل پی جی خریدی جائے گی۔