توقیر صادق کی واپسی کیلئے وزارت خارجہ نے عرب امارات کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ اے پی اے) سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کو پاکستان واپس لانے کےلئے وزارت خارجہ نے عرب امارات کو خط لکھ دیا۔ دبئی میں نیب کی ٹیم کے افسران اور ایس پی سی آئی ڈی نے پاکستان کے سفیر سے ملاقات کی۔ دریں اثناء نیب نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے جب کہ ان کا رہائشی پرمٹ منسوخ کرنے اور بے دخلی کی دستاویزات میڈیا کو مل گئی ہے۔ توقیر صادق کی وطن واپسی کےلئے نیب ٹیم نے متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کی مرکزی عدالت سے رجوع کرکے استدعا کی کہ توقیر صادق کے رہائشی پرمٹ کو منسوخ کیا جائے، جس پر عدالت نے رہائشی پرمٹ منسوخ کر دیا جبکہ توقیر صادق کو ڈی پورٹ کرنے کےلئے کاغذات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عدالت میں توقیر صادق کی واپسی کیلئے ٹکٹ جمع کرا دیا گیا ہے۔